اس آسمان پہ کوئی زمیں بچھا مرے دوست
پھر اس کے بعد یہاں مرا گھر بنا مرے دوست
یہ سرد مہری مجھے مار بھی تو سکتی ہے
تو اپنے لمس کی حدت زرا بڑھا مرے دوست
اگر میں خاک پہ تنہا نہیں اتارا گیا 
ضرور ہوگا یہاں مجھ سا دوسرا مرے دوست

میں اپنے عکس کے ہمراہ جانا چاہتا ہوں
اس آئینے میں کوئی راستہ بنا مرے دوست
میں اب خدا سے ملاقات کرنے والا ہوں
یہ کائنات مری راہ سے ہٹا مرے دوست
تم اس کے بعد مجھے دیکھ بھی نہ پاؤ گے
اگر یہاں سے گیا میں تو پھر گیا مرے دوست

Post a Comment