بلند پایہ ادیبہ،ڈرامہ نگار،افسانہ نگار اور ناول نگار محترمہ بانوقدسیہ کی یاد میں پروگرام
پنج ریڈیو یو ایس اے اور جگنو انٹر نیشنل کے زیرِ اہتمام انعقاد پذیر ہوا۔ 
رواں جمعہ کا پروگرام اردو ادب کے گوہرِ نایاب محترمہ بانو قدسیہ کی یادوں کے حوالے سے ترتیب دیا گیاجو پنج ریڈیو یو ایس اے سے براہِ ِراست نشر کیا گیا۔ جس کی میزبانی کے فرائض امریکہ سے خوبصورت شاعرہ،ادیبہ،ڈائیلاگ رائٹر،ڈایریکٹر، پروڈیوسر پنج ریڈیو یو ایس اے محترمہ الماس شبی اور لاہور،پاکستان سے چیف ایگزیکٹو جگنو انٹر نیشنل محترمہ مسرت زہرا کنولؔ المعروف ایم زیڈ کنولؔ  نے سر انجام دیئے۔جبکہ پروگرام کو آرڈینیٹر کی حیثیت  سے جگنو انٹر نیشنل کے کنوینئر،معروف بینکر، ادب نوازشخصیت محترم سید فردوس حسین نقوی نے بھر پور ادبی فریضہ ادا کیا۔محترمہ بانو قدسیہ پر گفتگو کے لئے جرمنی سے محترم شفیق مراد، چیف ایگزیکٹو،شریف اکیڈمی، جرمنی نے خصوصی طور پر شرکت فرمائی۔ مزید بر آں بانو قدسیہ جو ہر چھوٹے بڑے کی بانو آپا تھیں اور ادب کے گوہر کے ساتھ ساتھ محبتوں اور اخلاقیات کے گوہر لٹاتی رہیں اُن کی یادوں کو اتنے مختصر وقت میں سمیٹنا آسان کام نہیں ہے لیکن پنج ریڈیو کے تعاون سے جگنو انٹر نیشنل کے احباب نے کوزے میں دریا کو سمیٹتے ہوئے بحسن و خوبی یہ امر سر انجام دیا۔
محترم اختر ہاشمی، کو آرڈینیٹر جگنو انٹر نیشنل ماریشیس شگفتہ غزل ہاشمی،صدر، صداقت نقوی، میڈیا کوآر ڈینیٹرمیانوالی، منیرفردوس نے محترمہ بانو قدسیہ کے فن اور شخصیت پرسیرحاصل گفتگو کرکے انہیں خراجِ تحسین پیش کیا۔ مقررین نے کہا کہ بانو آپا صدی کی نہیں صدیوں کی مصنفہ تھیں، اُن کا نام اور کام ہمیشہ باقی رہے گا اور آنے واکی نسلوں کو منزلوں کا پتہ دیتا رہے گا۔۔ الماس شبی اور ایم زیڈ کنول نے میزبانی کے فرائض بہت خوبصورت انداز میں نبھائے۔اُن کی پُر مغز گفتگو کو بہت سراہا گیا۔ فردوس نقوی نے پروگرام کے آخر میں گفتگو فرماتے ہوئے اس اشتراک پہ  الماس شبی اور مسرت زہرا کنولؔ کو مبارکباد پیش کی اور محترمہ بانو قدسیہ کی مغفرت اور بلندیِ درجات کے لئے بہت عقیدت اور خلوص سے دعا کی ۔

Post a Comment