انور زاہدی
دل نے ہمارے خواب جو بوئے تھے کیا ہوئے 
شب روز اس فراق میں کھوئے تھے کیا ہوئے
وہ سحر خیز باد صبا کیسے گم ہوئی
لمحے گلے لگا کے جو روئے تھے کیا ہوئے
سنولائی ہوئی شاموں میں روشن ترے چراغ
ویران دریچوں میں سموئے تھے کیا ہوئے
قصے کہانیاں جو سناتے رہے تھے ہم
سب ہجر کی راتوں میں ڈبوئے تھے کیا ہوئے
جاتے ہوئے انور جو پلٹ کے نہیں دیکھا 
آنکھوں میں لال ڈورے بھگوئے تھے کیا ہوئے

Post a Comment