شعیب بن عزیز
دل ِآباد کا برباد بھی ہونا ضروری ہے
جسے پانا ضروری ہے، اسے کھونا ضروری ہے
مکمل کس طرح ہوگا تماشہ برق و باراں کا
ترا ہنسنا ضروری ہے مرا رونا ضروری ہے
بہت سی سرخ آنکھیں شہر میں اچھی نہیں لگتیں
ترے جاگے ہوؤں کا دیر تک سونا ضروری ہے
کسی کی یاد سے اِس عُمر میں دِل کی مُلاقاتیں
ٹھٹھرتی شام میں اِک دُھوپ کا کونا ضروری ہے
یہ خود سر وقت لے جائے کہانی کو کہاں جانے
مصنف کا کسی کردار میں ہونا ضروری ہے
جناب ِ دل بہت نازاں نہ ہوں داغ ِ محبت پر
یہ دنیا ہے یہاں یہ داغ بھی دھونا ضروری ہے

1 تبصرے

  1. کسی کی یاد میں اس عُمر میں دل کی ملاقاتیں
    ٹھٹھرتی شام میں اک دُھوپ کا کونا ضروری ہے
    بہت خوب ،،نہایت خوبصورتی سے شاعر نے دل کی مختلف کیفیات کو بیان کیا ہے ۔دل کا برباد و آباد ہونا ،،کسی کی چاہ کو پانا یا کھو دینا ،، ینسنا اور رونا ، جاگتی آنکھیں اور شائد سوتے خواب ۔۔ متضاد رویوں کو شاندار انداز میں شعروں کی لڑی میں پرویا ہے ۔۔اور کیا خوب کہا ہے کہ
    "یہ خود سر وقت لے جائے کہانی کو کہاں جانے " واہ ،،بہت خوب ۔۔ قاری کے دل میں اترتی ہوئی خوبصورت غزل ۔۔

    جواب دیںحذف کریں

ایک تبصرہ شائع کریں