جلیل عالی
وہ عشق ہے عرفاں ہے وہ عقل ہے برہاں ہے 
ہر فکر و عمل اسؐ کا آئینۂ قرآں ہے
سب چاند سبھی سورج پاتے ہیں ضیا اُسؐ سے
وہؐ رحمتِ عالم ہے وہؐ خواجۂ دوراں ہے
وصفوں میں کمالوں میں سوچوں کے اجالوں میں
سب خیر حوالوں میں فیض اسؐ کا فروزاں ہے
کوئی بھی زمانہ ہو وہؐ خُکق کا پیمانہ
اللہ کا بندوں پر کتنا بڑا احساں ہے
سانسیں ہیں رواں اسؐ سے سینے میں اذاں اسؐ سے
وہؐ روز و شبِ دل ہے وہؐ تاب و تبِ جاں ہے
ذکر اسؐ شہِ والا کا دیتا ہے سکوں دل کو
یاد اسؐ درِ دولت کی ہر درد کا درماں ہے
ہے دھیان مدام اسؐ کا ہونٹوں پہ ہے نام اسؐ کا
جو کچھ ہے تمام اسؐ کا اپنا تو یہ ایماں ہے

Post a Comment