سات سروں کا بہتا دریا تیرے نام

ہر سر میں ہے رنگ دھنگ کا تیرے نام

جنگل جنگل اُڑنے والے سب موسم

اور ہوا کا سبز دوپٹہ تیرے نام

جتنے خواب خدا نے میرے نام لکھے

ان خوابوں کا ریشہ ریشہ تیرے نام

تیرے بنا جو عمر بتائی، بیت گئی

اب اس عمر کا باقی حصّہ تیرے نام

ان شاعر آنکھوں نے جتنے رنگ چنے

ان کا عکس ہے میرا چہرہ ، تیرے نام

دکھ کے گہرے نیلے سمندر میں خاور

اس کی آنکھیں ایک جزیرہ،تیرے نام











ایوب خاور

Post a Comment